اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کے آفیسر راجہ اسد دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کے آفیسر راجہ اسد دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے
مرحوم کا تعلق دھیرکوٹ سے تھا، وفات کی خبر پورے علاقے پر قہر بن کر ٹوٹی، ہر انکھ اشکبار، ہر دل دکھی نظر آیا
وفات راولپنڈی ہوئی، نماز جنازہ دھیرکوٹ ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کیا گیا، عامر محبوب، ماجد افسر و دیگر کا اظہار افسوس
اسلام آباد(خصوصی خبرنگار) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کے سیکشن آفیسر راجہ اسد دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے، مرحوم کا تعلق تحصیل دھیرکوٹ آزاد کشمیر سے تھا۔ آپ سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع باغ راجہ ارشاد خان مرحوم کے بھتیجے اور علاقہ کے انتہائی شریف النفس انسان راجہ خان محمد خان مرحوم کے فرزند تھے، راجہ اسد نے جب آنکھ کھولی تو انکا گھرانہ معاشی مسائل کا شکار تھا، لیکن آپ نے انتہائی نامساعد حالات میں نہ صرف خود اعلی تعلیم حاصل کی بلکہ اپنے گھر کے تمام افراد کو بھی اعلی تعلیم دلائی، مرحوم کا پورا گھرانہ تحصیل دھیرکوٹ میں میں اعلی تعلیم یافتہ، تہذیب یافتہ اور اعلی انسانی و اخلاقی اقدار کا آمین شمار کیا جاتا ہے۔ راجہ اسد کی اچانک وفات کی اطلاع نے پورا دھیرکوٹ سوگوار کر دیا۔ فوتگی کی اطلاع ملتے ہی بہت بڑی تعداد میں لوگ انکے گھر پہنچ گئے، اس موقع پر ہر انکھ اشکبار اور ہر دل دکھی تھا۔ مرحوم کی نعش گاڑیوں کے بڑے قافلہ کی صورت میں راولپنڈی سے دھیرکوٹ لے جائی گئی، دھیرکوٹ میں رات گئے نماز جنازہ ہوا جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی قائدین، وکلا، تاجر، صحافی، طلبہ اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ روزنامہ جموں و کشمیر کا تعزیتی اجلاس زیر صدارت چیف ایڈیٹر عامر محبوب منعقد ہوا، اجلاس میں راجہ کفیل، راجہ ماجد افسر، اکرم کاشر اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں راجہ اسد کی اچانک وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ شرکا اجلاس نے راجہ اسد کے بھائیوں راجہ سعود، راجہ ساجد، راجہ ماجد اور جملہ پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں