عالمی برادری اسرائیلی جرائم کی مذمت،فلسطینیوں کی مدد کرے، مہاتیر محمد

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کی مدد کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی مذمت کرے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے بیان میں کہا کہ فلسطینی قوم 73 سال سے ظلم کا شکار ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوجائے اور اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے انسانیت کے خلاف جرائم پر مواخذہ نہ ہونے کے نتیجے میں صہیونی ریاست کے جرائم اور مظالم مزید بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی زندگی میں صہیونی ریاست کے نسل پرستانہ وژن کو زوال پذیر ہوتا دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ مغربی جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔سابق ملائیشن وزیراعظم نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ہمیں فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تحریک کو متحرک کرنا ہوگا، فلسطینی مہاجرین کو اپنے علاقوں میں واپس جانے کا حق حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں